اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے آج تہران میں اپنے ترک ہم منصب مولود چاووش اوغلو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ تہران اور ترکی کے مابین وسیع تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں اہم اھداف حاصل کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی ہے۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ آئندہ مہینے ایران اور ترکی کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا دوسرا اجلاس ہونے والا ہے جس میں دونوں ملکوں کے صدور شرکت کریں گے۔ مشترکہ کمیشن کا یہ اجلاس تہران میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ مزید صلاح و مشوروں سے شام کے بارے میں دونوں ملکوں کے اختلافات کم سے کم رہ جائيں گے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے ترک وزیر خارجہ کے دورہ تہران کو دونوں ملکوں کے درمیاں علاقائي اور عالمی سطح پر بالخصوص شام و عراق کے بارے میں تعاون میں فروغ کا سبب قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکی نے دہشتگردی سے بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے اور دونوں نے اتفاق کیا ہے کہ مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے۔اس مشترکہ پریس کانفرنس میں ترک وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے خلاف پابندیوں کا سخت مخالف ہے اور انقرہ نے ہمیشہ اس بات پر تاکید کی ہے کہ تہران کو پرامن ایٹمی ٹکنالوجی سے استفادہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ ترک وزیر خارجہ آج تہران پہنچے ہیں۔
۔۔۔۔۔
/169